استنبول (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے استنبول میں ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جس میں پاک ترک اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
ان ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی باقاعدہ دعوت دی۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو خاص طور پر توانائی، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، انفراسٹرکچر اور نجکاری کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی۔
وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان ملک میں سرمایہ کاری دوست ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر ترک سرمایہ کاروں نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے کاروباری آپریشنز کو مزید بڑھانے اور مختلف شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔