لاہور (کیو این این ورلڈ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے نواب ٹاؤن میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک نومولود بچے کو دفنانے کی لرزہ خیز کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ پولیس نے موقع سے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 3 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ افراد مشکوک حالت میں نومولود کو دفنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر پولیس نے فوری ایکشن لیا۔ ملزمان زمین میں گڑھا کھود کر بچے کو دفنانے ہی والے تھے کہ پولیس نے انہیں دھر لیا۔ گرفتار شدگان میں ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے ابتدائی پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے، جس کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر غیر قانونی اسقاط حمل سے متعلق سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں پر شفاف اور میرٹ پر تفتیش جاری ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔