محمد تسلیم اختر راؤ کی رخصتی پر شہریوں کا بے مثال اظہارِ محبت، سینکڑوں افراد ڈی سی ہاؤس پہنچ گئے

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کے تبادلے پر عوام کی جانب سے غیرمعمولی اور بے مثال ردعمل سامنے آیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں شہری، صحافی، وکلاء، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان ان سے اظہارِ یکجہتی اور محبت کے لیے ڈی سی ہاؤس پہنچ گئے۔

شہریوں نے محمد تسلیم اختر راؤ کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کی عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور میرٹ پر مبنی فیصلوں کو سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ محمد تسلیم اختر راؤ نے اپنے دورِ تعیناتی میں عوامی مسائل کے حل کو ہمیشہ ترجیح دی اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے ضلع بھر میں ایک مثبت مثال قائم کی۔

مختلف مقررین نے کہا کہ ننکانہ صاحب کی تاریخ میں پہلی بار کسی سرکاری افسر کے تبادلے پر عوام نے اس انداز میں پروٹوکول دے کر انہیں رخصت کیا ہے، جو ان کی مقبولیت اور عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ محمد تسلیم اختر راؤ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دیانت داری اور فرض شناسی کے ذریعے عوام کے دل جیت لیے۔

اس موقع پر عوام نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کو ان کی رہائش گاہ سے دفتر تک خصوصی پروٹوکول کے ساتھ پہنچایا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شرکاء نے کہا کہ ان کی خدمات اور عوامی فلاح کے لیے کی گئی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے اہلِ ننکانہ کی جانب سے ملنے والی والہانہ محبت، اعتماد اور عزت افزائی پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ننکانہ صاحب کے عوام کے خلوص اور محبت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ذمہ داریاں مختلف مقامات پر انجام دینا ملازمت کا حصہ ہے، تاہم ننکانہ صاحب کے عوام سے ملنے والی محبت ان کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے۔

انہوں نے اہلِ ننکانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے