خیبر (کیو این این ورلڈ / نورحلیم آفریدی): تیراہ متاثرین کے 2 ستمبر کو وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ باڑہ کے سامنے ہونے والے مشترکہ گرینڈ آفریدی دھرنے کے حوالے سے باڑہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں باڑہ سیاسی اتحاد، تحریک متاثرین تیراہ اور تیراہ متاثرین کے منتخب 36 رکنی مشران نے شرکت کی۔
اجلاس میں تیراہ متاثرین کے حقوق و مطالبات، درپیش مشکلات، مالی امداد اور باعزت و محفوظ واپسی سمیت دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ تحریک متاثرین تیراہ کے ترجمان صحبت آفریدی نے بتایا کہ 36 رکنی منتخب مشران نے تیراہ کی 24 رکنی کمیٹی کو یکم ستمبر صبح 10 بجے احتجاجی کیمپ میں مشاورت کے لیے مدعو کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق تمام تیراہ اقوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے مشترکہ جدوجہد کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ 2 ستمبر کے دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے یکم ستمبر سہ پہر 3 بجے باڑہ سیاسی اتحاد، تیراہ آفریدی منتخب 36 رکنی مشران اور تحریک متاثرین تیراہ کے قائدین کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں ذمہ داریوں کی تقسیم اور آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔
صحبت آفریدی نے تیراہ متاثرین کے تمام اقوام، مشران اور سیاسی و سماجی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اپنے جائز حقوق اور باعزت واپسی کے لیے مشترکہ جدوجہد کا حصہ بنیں۔