اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)محکمہ موسمیات نے 16 سے 20 جون 2026 کے دوران ملک کے بالائی اور مختلف میدانی علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 17 جون سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، نارووال اور سیالکوٹ میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور سرگودھا میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع خوشاب، میانوالی، بھکر، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور ساہیوال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غذر، گانچھے اور شگر جبکہ آزاد کشمیر میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے ژوب، کوئٹہ، بارکھان، شیرانی، مسلم باغ، لورالائی، خضدار اور لسبیلہ میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، گھوٹکی، شکارپور اور دادو میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین اور میرپورخاص میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں 18 جون تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیوں کو ترتیب دیں، جبکہ سیاحوں کو محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔