اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور وہاں کے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے واضح کیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث کالعدم تنظیم اب عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے، جس کا ثبوت گزشتہ روز سامنے آنے والی مبینہ آڈیو لنک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے انتہائی مخلصانہ طریقے سے آزاد کشمیر کے عوام کے تمام جائز مطالبات پر عملدرآمد شروع کر دیا تھا، لیکن اس کے باوجود بعض عناصر کی جانب سے ہنگامہ آرائی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ان کا اصل مقصد کچھ اور ہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازی کرنا خالصتاً کشمیریوں کا اپنا آئینی حق ہے، لیکن یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ مخصوص ٹولہ کشمیریوں کا یہ حق چھین کر کسی اور کو دینا چاہتا ہے؟
وزیر مملکت نے یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت کی طرف سے آزاد کشمیر کے معاملے کو حل کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی گئی، اور اس وقت راولاکوٹ سمیت تمام علاقوں میں حالات پرامن اور بالکل نارمل ہیں۔
مظاہروں کے دوران ہونے والے نقصانات اور ہلاکتوں کے حوالے سے صحافی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے طلال چوہدری نے بتایا کہ اموات کے حوالے سے مکمل اور تفصیلی پریس ریلیز جلد ہی باقاعدہ طور پر جاری کی جائے گی۔