مظفرآباد ; سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن؛ حساس مقامات کے نقشے اور گرینیڈز ضبط

مظفرآباد (کیو این این ورلڈ) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے علاقے چہلہ میں سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر جدید مواصلاتی آلات برآمد ہوئے ہیں، جن کی ابتدائی تحقیقات اور ڈیجیٹل ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے دوران مشکوک روابط اور حساس مواد سامنے آیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان میں سے ایک کی نشاندہی پر اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے، جس میں 7 خودکار ہتھیار، متعدد دستی بم (گرینیڈز) اور دیگر جنگی سامان شامل ہے جسے فوری طور پر قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے عام اسلحے کے علاوہ حساس تنصیبات و اہم مقامات کے نقشے، خفیہ دستاویزات اور دیگر مشکوک ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے، جس کے بعد نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے