ٹھٹھہ: گٹکا گداموں اور سپلائی چین پر چھاپے، 13 ملزمان گرفتار

ٹھٹھہ(کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ٹھٹھہ پولیس نے گٹکا اور منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں کامیاب چھاپے مار کر بڑی تعداد میں ملزمان کو گرفتار کرلیا اور بھاری مقدار میں گٹکا، مٹیریل اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گاڑہو سب انسپکٹر اسد الٰہی اعوان نے اسٹاف کے ہمراہ گاڑہو شہر کے قریب احمد میمن کے گٹکا گدام پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران گٹکا ماوا، تیاری کا سامان، ڈرم، بالٹیاں، پتیلا اور 500 پڑیاں برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ادھر تھانہ گھارو اور پولیس پوسٹ گنو کی مشترکہ کارروائیوں میں فلٹر چاڑی اسٹاپ اور ہالیجی لنک روڈ پر گٹکا مٹیریل سپلائی کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں گٹکا مٹیریل اور پڑیاں برآمد ہوئیں۔ اسی دوران ایک اور کارروائی میں 510 گرام چرس برآمد کرکے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا۔

تھانہ مکلی پولیس نے بائی پاس تاج پیٹرول پمپ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے انڈین گٹکا سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی اور دو ملزمان کو گرفتار کرکے ہزاروں پڑیاں برآمد کیں۔ علاوہ ازیں مکلی میں ایک اور کارروائی کے دوران دیسی شراب سمیت ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا۔

اسی طرح تھانہ دہابیجی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں متعدد گٹکا فروش اور منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں گٹکا مٹیریل، پڑیاں اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں نارکوٹکس ایکٹ، منشیات آرڈیننس اور گٹکا ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے