گوجرانوالہ(کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی) ایس پی میاں معظم علی نے پنجاب ہائی وے پٹرول گوجرانوالہ ریجن کے ریجنل آفیسر کے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔
ریجنل آفس آمد پر آفس اسٹاف کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ریجنل آفس کے عملے کا تعارف بھی کرایا گیا۔
بعد ازاں پنجاب ہائی وے پٹرول کے چاق و چوبند دستے نے نئے ریجنل آفیسر کو سلامی پیش کی۔ ایس پی میاں معظم علی نے ڈسٹرکٹ ڈی ایس پیز اور آفس اسٹاف کے ساتھ تعارفی میٹنگ بھی کی جس میں ادارہ جاتی امور اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ کے دوران انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شاہرات پر شہریوں سے نازیبا گفتگو اور بدعنوانی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ریجنل آفیسر نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور رہنمائی کے لیے مکمل جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہی پنجاب ہائی وے پٹرول کا بنیادی نصب العین ہے۔