گھوٹکی(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی میں مہاراجہ سنت حاضر سروپ سائیں سادھ رام صاحب کے آخری درشن پوج دیوڑی صاحب میں عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کیے گئے جہاں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے اپنے روحانی پیشوا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آخری درشن کے موقع پر فضا انتہائی سوگوار رہی اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔ عقیدت مندوں نے سائیں سادھ رام صاحب کی مذہبی، روحانی اور انسانیت کے لیے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف ہندو برادری کے ایک عظیم روحانی پیشوا تھے بلکہ انہوں نے ہمیشہ محبت، امن، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا۔
تقریب کے دوران خصوصی پوجا اور مذہبی رسومات کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ آنے والے زائرین اور عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ مہاراجہ سنت حاضر سروپ سائیں سادھ رام صاحب سندھ میں ہندو برادری کی ایک انتہائی محترم مذہبی و روحانی شخصیت تھے اور رہڑکی دربار کے گدی نشین تھے۔ ان کی پوری زندگی انسانیت کی خدمت، مذہبی ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے وقف رہی۔
ذرائع کے مطابق سائیں سادھ رام صاحب جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور سنگاپور کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں وہ تقریباً 63 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے وصال کی خبر سنتے ہی ڈہرکی اور گردونواح میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ مختلف علاقوں میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی گئی۔
عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے رہڑکی دربار پہنچ کر اپنے روحانی پیشوا سے آخری عقیدت کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت و روحانی درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔ ان کی خدمات اور تعلیمات کو سندھ اور ہندو برادری کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


