سوات ایکسپریس وے پر وین کی بس کو ٹکر، 16 افراد جاں بحق، 7 زخمی

پشاور (کیو این این ورلڈ) سوات ایکسپریس وے پر خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ حادثہ تیز رفتار وین کے سڑک کنارے کھڑی بس سے ٹکرا جانے کے باعث پیش آیا۔

موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ وین ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ وین تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑی مسافر بس سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں متعدد افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی شدید زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق بس کراچی سے بونیر جا رہی تھی جبکہ مسافر وین راولپنڈی سے دیر کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ حادثہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کے باعث گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور امدادی کارکن فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں و جاں بحق افراد کو گاڑیوں سے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس افسوسناک حادثے پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے