مسافر شاہ کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو احتجاجی تحریک چلائیں گے، اساتذہ رہنما

خیبر (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے برقمبر خیل جان خان کلے میں سکول ٹیچر مسافر شاہ کے بہیمانہ قتل پر اساتذہ تنظیموں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ اساتذہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف تعلیمی برادری بلکہ پورے ضلع خیبر کیلئے شدید صدمے اور تشویش کا باعث بنا ہے۔

اساتذہ تنظیموں کے رہنماؤں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب باڑہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسافر شاہ ایک نہایت شریف، فرض شناس اور مخلص استاد تھے جن کی کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید استاد کی موت سے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ علاقے کے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع خیبر کے صدر نصیر شاہ آفریدی، ینگ ٹیچر ایسوسی ایشن کے شاہد گل، ملگری استاذان ضلع خیبر کے حفیظ اللہ امین، تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کے ملک نادار شاہ اور دیگر اساتذہ نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے امن، علم اور شعور کے مراکز ہوتے ہیں اور اگر اساتذہ ہی غیر محفوظ ہو جائیں تو معاشرے میں خوف و ہراس پھیلتا ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ شہید استاد کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اساتذہ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر قاتلوں کو جلد گرفتار نہ کیا گیا اور مسافر شاہ کو انصاف نہ ملا تو تمام اساتذہ برادری اور طلبہ احتجاجی تحریک شروع کریں گے، جو انصاف کی فراہمی تک جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے