ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز) بابا گورو نانک یونیورسٹی میں “معرکۂ حق 2025” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ملی یکجہتی، قومی اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریبات کا مقصد افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، نوجوان نسل میں قومی شعور بیدار کرنا اور ملکی سلامتی کے حوالے سے ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا تھا۔

تقریبات کا آغاز پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا، جس کے بعد سیمینار، تقاریر، پوسٹر مقابلوں اور یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک میں شریک طلبہ، اساتذہ اور انتظامی افسران نے افواجِ پاکستان کی ملکی دفاع، امن اور سلامتی کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا، جبکہ قومی نغموں، بینرز اور پوسٹرز کے ذریعے حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات نوجوان نسل میں قومی شعور، اتحاد اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار مبشر طارق، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد اور ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول نے قومی یکجہتی، نظم و ضبط اور اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ ملک کے امن و استحکام کیلئے دی جانے والی قربانیاں پوری قوم کا سرمایہ ہیں اور نوجوان نسل کو تعلیم، کردار سازی اور مثبت سماجی رویوں کے ذریعے ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے صرف علم کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ قومی شعور، سماجی اقدار اور ذمہ دار شہریوں کی تربیت میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ مقررین نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اتحاد، برداشت اور قومی خدمت کے جذبے کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

تقریبات میں مختلف شعبہ جات کے چیئرپرسنز، اساتذہ، انتظامی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ سرگرمیاں نوجوان نسل میں حب الوطنی، شہری ذمہ داری اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ کیلئے ادارے کے عزم کی عکاس ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے