لاہور: (کیو این این ورلڈ) پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبے بھر میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کے خدشات کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 22 مئی بروز جمعہ سے 23 اگست تک بند رہیں گے۔ جبکہ تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز 24 اگست بروز پیر سے ہوگا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ اور ہیٹ ویو کی صورتحال کے باعث بچوں کی صحت کو خطرات لاحق تھے، جس کے پیشِ نظر یہ پیشگی اقدام اٹھایا گیا ہے۔
