ٹھٹھہ(کیو این این ورلڈ/بلاول سموں) جنگ شاہی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پنجاب جانے والی مال گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں انجن سمیت 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ ریلوے ٹریک کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق مال گاڑی جنگ شاہی ریلوے اسٹیشن کے قریب لوپ لائن میں داخل ہو رہی تھی کہ اچانک اس کے بریک فیل ہوگئے، جس کے باعث ٹرین بے قابو ہو کر سیفٹی بلاک توڑتی ہوئی پٹڑی سے باہر نکل گئی۔ حادثے کے نتیجے میں انجن اور تین بوگیاں ڈی ریل ہوگئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت زور دار آواز سنائی دی جس پر قریبی آبادی کے لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام، تکنیکی عملہ اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے فوری کارروائی شروع کر دی گئی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ بوگیوں اور انجن کو ٹریک سے ہٹانے کے لیے بھاری مشینری بھی طلب کر لی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ٹریک کی بحالی تک ریلوے آمدورفت کو احتیاطی تدابیر کے تحت منظم کیا جا رہا ہے تاکہ دیگر ٹرینوں کی روانگی متاثر نہ ہو۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ بریکنگ سسٹم میں خرابی کے باعث پیش آیا، تاہم حتمی رپورٹ آنے کے بعد اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے