واربرٹن : تھیلیسیمیا کے بچوں کیلئے بلڈ کیمپ منعقد کیا گیا

واربرٹن: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار عبدالغفار چوہدری) دعوت اسلامی کے شعبہ ایف جی آر ایف (فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن) کے زیر اہتمام تھیلیسیمیا اور دیگر موذی امراض میں مبتلا بچوں کی جان بچانے کے لیے واربرٹن میں ایک عظیم الشان بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ کیمپ صفہ اسلامک اسکول میں منعقد ہوا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیا۔ کیمپ میں علاقہ بھر سے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ سماجی و سیاسی شخصیات نے بھی بھرپور شرکت کی۔

بلڈ کیمپ کے دوران استحکام پاکستان کے رہنما چوہدری نوشیر مان، ڈاکٹر عثمان شاہد، ڈاکٹر شبیر احمد، صدر انجمن تاجران واربرٹن شیخ جمیل احمد، لیگی رہنما رانا عمران خان اور امیر اہلسنت علامہ اشفاق احمد رضوی سمیت متعدد مذہبی و سیاسی شخصیات نے کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے خون عطیہ کرنے والے افراد کے جذبے کو سراہتے ہوئے اسے انسانیت کی بڑی خدمت قرار دیا۔

اس موقع پر دعوت اسلامی کی اہم شخصیت حاجی محمد نصر اقبال عطاری نے سٹی پریس کلب رجسٹرڈ واربرٹن کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو ہر ماہ تازہ خون کی ضرورت ہوتی ہے، اور خون کا کوئی متبادل موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ کا مقصد ایسے بچوں کے علاج کے لیے خون کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی مریض کا علاج خون کی کمی کے باعث متاثر نہ ہو۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایف جی آر ایف ملک بھر میں انسانیت کی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور اب تک مختلف فلاحی مراحل میں 85 ہزار سے زائد بلڈ بیگز مختلف اسپتالوں اور اداروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد تک امداد پہنچائی گئی جبکہ گزشتہ چار سالوں میں ایک ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کی امدادی سرگرمیاں انجام دی جا چکی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری مہم کے تحت اب تک 35 لاکھ سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں تاکہ پاکستان کو سرسبز اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔

اس موقع پر چوہدری نوشیر مان نے کہا کہ غریب اور بیمار بچوں کے لیے خون کے عطیہ کا یہ کیمپ ایک عظیم خدمت ہے، اور دعوت اسلامی ہر شعبہ زندگی میں قابل تحسین خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں خون جمع کرنے کا عمل مکمل کیا گیا جبکہ عطیہ دینے والے افراد کا ابتدائی طبی معائنہ بھی کیا گیا۔ واربرٹن اور گردونواح سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔

خون عطیہ کرنے والے شرکاء نے کہا کہ انسانی جان بچانا سب سے بڑی نیکی ہے اور وہ آئندہ بھی اس کارِ خیر میں حصہ لیتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے