سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/شاہد ریاض کی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار اور عارضی تجاوزات ختم کر دی گئیں۔
یہ کارروائی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو کی نگرانی میں شہر کے مختلف علاقوں میں کی گئی، جس میں مستقل اور عارضی تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے۔
چیف آفیسر کے مطابق آپریشن کے دوران 3 مستقل تجاوزات مسمار کی گئیں جبکہ 43 عارضی تجاوزات ختم کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ 10 ترپالیں ضبط کی گئیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 30 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی انفورسمنٹ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر شہر بھر میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عوامی راستوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کا ناجائز قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
چیف آفیسر زبیر وٹو نے کہا کہ تجاوزات شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ اور ٹریفک مسائل کا باعث بنتی ہیں، اس لیے ان کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے دکانداروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی مقررہ حدود کے اندر کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں اور سڑکوں و فٹ پاتھوں پر سامان رکھنے سے گریز کریں تاکہ شہریوں کو سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔