گوردوارہ روہڑی صاحب میں بھارتی سکھ یاتریوں کی آمد، برسی تقریبات کا آغاز

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)بابا گورو ارجن دیو جی کی برسی کی سالانہ تقریبات 2026 کے سلسلے میں 517 بھارتی سکھ یاتریوں کا قافلہ فول پروف سکیورٹی کے حصار میں گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد پہنچ گیا، جہاں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

گوردوارہ روہڑی صاحب آمد پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی، آر پی او خرم شہزاد وڑائچ، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، سی پی او ڈاکٹر غیاث گل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان ندیم اور اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل مجید نے بھارتی سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر یاتریوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ پھول نچھاور کرتے ہوئے انہیں پنجاب اور پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا گیا۔

کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کی سہولت، سکیورٹی اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت اور پُرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی عبادات اور رسومات خوش اسلوبی سے ادا کر سکیں۔

آر پی او خرم شہزاد وڑائچ نے کہا کہ یاتریوں کی حفاظت کے لیے جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے۔ گوردوارہ روہڑی صاحب اور اس کے اطراف میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پولیس کے خصوصی دستے ہر وقت نگرانی پر مامور ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے ہیلتھ کیمپ، ہیٹ ویو کیمپ، ریسکیو سروسز اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، سول ڈیفنس رضاکار اور ستھرا پنجاب کی ٹیمیں یاتریوں کی خدمت اور رہنمائی کے لیے چوبیس گھنٹے موجود ہیں۔

سی پی او ڈاکٹر غیاث گل نے کہا کہ گوردوارہ روہڑی صاحب اور اس کے گردونواح میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاتری مکمل اطمینان کے ساتھ اپنی مذہبی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

بھارتی سکھ یاتری بابا گورو ارجن دیو جی کی برسی کی تقریبات کے دوران مختلف مذہبی رسومات، دعائیہ تقریبات اور عبادات میں حصہ لے رہے ہیں۔ گوردوارہ روہڑی صاحب سکھ مذہب کے اہم ترین مذہبی مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں ہر سال دنیا بھر سے بڑی تعداد میں سکھ یاتری حاضری دیتے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے یاتریوں کے قیام، طعام، صفائی، طبی سہولیات اور سکیورٹی کے حوالے سے جامع انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔ سکھ یاتریوں نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے مثالی انتظامات، مہمان نوازی اور سہولیات کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے دوران پاکستان میں مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے احترام کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا، جبکہ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لیے احترام، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے