سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) ملک بھر میں جاری 5 روزہ پولیو مہم کے دوران سیالکوٹ میں ریسکیو 1122 کے ریسکیورز اور ریسکیو اسکاؤٹس بھی ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 20 ریسکیو اسکاؤٹس ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی زیر نگرانی لاری اڈہ کے 7 مختلف مقامات، جن میں بلال ٹریولز، مسجد چوک، ویگن اسٹینڈ، لاہور کوچ اسٹینڈ کے علاوہ وزیر آباد روڈ سبلائم چوک اور ڈسکہ روڈ دبرجی چوک شامل ہیں، پر آنے جانے والے مسافروں کے ساتھ موجود پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کے ہمراہ پولیو ویکسین کیمپس کا دورہ کیا اور بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔ اس موقع پر انہوں نے ریسکیورز اور ریسکیو اسکاؤٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر ہی پاکستان کو پولیو فری بنانے کے مشن میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
ریسکیو اسکاؤٹس نے جاری پولیو مہم کے دوران اب تک 1220 بچوں کو پولیو بچاؤ کے قطرے پلائے ہیں۔