گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے میرپور ماتھیلو کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے جاری انسدادِ پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف یونین کونسلز، دیہی و شہری علاقوں میں قائم پولیو ٹیموں کی کارکردگی، حاضری اور بچوں کو قطرے پلانے کے عمل کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے پولیو ورکرز، سپروائزرز اور متعلقہ عملے سے ملاقاتیں بھی کیں اور ان سے درپیش مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے جس کے مکمل خاتمے کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی علاقے، محلے یا گھر کو نظر انداز نہ کیا جائے تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔
منظور احمد کنرانی نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ بچوں کو موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ بنایا جا سکے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو رانا حسیب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے بھی پولیو ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور ہر گھر تک رسائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں موجود عملہ اپنی ڈیوٹی کو قومی خدمت سمجھ کر انجام دے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی حوصلہ افزائی بھی کی اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت ہی اس مہم کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے اور جہاں کہیں بھی کمی کوتاہی نظر آئے، اسے فوری طور پر دور کیا جائے۔