سیالکوٹ:محکمہ صحت اور پیرا فورس کی مشترکہ کارروائی،غیرقانونی ہسپتال سیل

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/محمدیامین کی رپورٹ) محکمہ صحت اور پیرا فورس کی مشترکہ کارروائی کے دوران کشمیر روڈ پر قائم ایک غیر قانونی نجی ہسپتال کو سیل کر دیا گیا، جہاں بنیادی طبی تقاضوں کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

تفصیلات کے مطابق 18 اپریل 2026 کو محکمہ صحت سیالکوٹ اور پیرا فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کشمیر روڈ پر واقع ایک نجی میڈیکل سینٹر پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ہسپتال بغیر رجسٹریشن کے چلایا جا رہا تھا اور وہاں کوئی مستند ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔

حکام کے مطابق ہسپتال میں غیر مستند خاتون مریضوں کا علاج کر رہی تھی جبکہ پی ایچ اے رجسٹریشن بھی فراہم نہیں کی جا سکی۔ مزید یہ کہ صفیہ نامی خاتون، جو خود کو ڈاکٹر ظاہر کر رہی تھی، درحقیقت لیڈی ہیلتھ ورکر نکلی جو ایک مریض کو ڈرپ بھی لگا رہی تھی۔

کارروائی کے دوران ہسپتال کے عملے سے ضروری دستاویزات طلب کی گئیں مگر وہ پیش نہ کی جا سکیں، جس پر فوری طور پر ہسپتال کو سیل کر دیا گیا۔ حکام نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی اور ایسے غیر قانونی مراکز کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

محکمہ صحت کے افسران کا کہنا ہے کہ عوام مستند اور رجسٹرڈ ڈاکٹروں سے ہی علاج کروائیں اور کسی بھی مشکوک طبی مرکز کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے