شاہد آفریدی کا حکومت سے مطالبہ، تیراہ متاثرین کی واپسی سے قبل ہسپتال اور سکول فعال کیے جائیں

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وادی تیراہ کے 500 متاثرہ افراد میں امدادی پیکیج تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کی مشکلات کے ازالے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومتی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

دورے کے موقع پر کمانڈنٹ باڑہ رائفلز عامر توصیف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ضلع خیبر ارشاد مہمند، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر باڑہ امان اللہ، ڈی ایس پی باڑہ ملک اکبر آفریدی، وادی تیراہ کی 24 رکنی کمیٹی کے اراکین مولانا حضرت خان، کمال الدین اور اکبر خان سمیت علاقائی مشران اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔

متاثرین اور علاقائی مشران سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وادی تیراہ کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک کی خاطر بے شمار قربانیاں دی ہیں، جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان قربانیوں کے اعتراف کے ساتھ متاثرین کی مشکلات کم کرنا اور انہیں ضروری سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن متاثرین کی ضروریات پوری کرنے اور ان کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی بحالی کے لیے تعاون جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

شاہد آفریدی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وادی تیراہ کے متاثرین کے لیے خصوصی امدادی پیکیجز کا اعلان کیا جائے اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے بالخصوص تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور سڑکوں کی تعمیر سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کی اپنے علاقوں میں واپسی سے قبل ہسپتالوں، نادرا مراکز اور تعلیمی اداروں کو فوری طور پر فعال بنایا جائے تاکہ واپسی کے بعد خاندانوں کو علاج معالجے، شناختی دستاویزات اور بچوں کی تعلیم کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شاہد آفریدی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ متاثرین کی بحالی صرف امدادی سامان کی تقسیم تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ انہیں اپنے علاقوں میں باعزت اور پُرسکون زندگی گزارنے کے لیے بنیادی سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے