شہید بینظیر آباد (کیو این این ورلڈ/نور محمد جتوئی)سکرنڈ کے قریب پی کے چانڈیو تھانے کی حدود میں واقع دادواہ اسٹاپ پر واپڈا کی مبینہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کر دی۔ مظاہرین نے ایس ڈی او واپڈا کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے بجلی کی فوری بحالی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کی قیادت محمد احسان مگسی، سکندر خان مگسی، خان کیریو اور گلزار زرداری سمیت دیگر مقامی رہنماؤں نے کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر صبح 9 بجے سے رات 11 بجے تک بجلی بند رکھی جاتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں اتنے طویل دورانیے تک بجلی کی بندش ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ بجلی نہ ہونے کے باعث گھریلو صارفین، طلبہ، بزرگ افراد، خواتین اور کاروباری طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے جبکہ پینے کے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
شرکائے احتجاج نے الزام عائد کیا کہ واپڈا حکام کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور اس حوالے سے متعدد بار شکایات کے باوجود مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی مسلسل بندش عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔