گوجرہ (کیو این این ورلڈ/چوہدری عبد الرحمن جٹ)گوجرہ کے نواحی علاقے میں مویشی چرانے کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا شخص دورانِ علاج جاں بحق ہو گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تھانہ صدر گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 368 ج ب میں مویشی چرانے کے معاملے پر رمضان ولد یوسف اوڑھ اور ارشد، عثمان سمیت دیگر افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ معمولی تنازع دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گیا اور خونریز تصادم کی صورت اختیار کر گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر ملزمان نے رمضان پر فائرنگ کر دی۔ فائر اس کے پیٹ میں لگا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر گر پڑا۔ واقعے کے بعد اہل خانہ اور مقامی افراد زخمی کو فوری طور پر گورنمنٹ ٹی ایچ کیو جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا، جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ڈاکٹروں نے زخمی کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے مزید علاج کے لیے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا، تاہم رمضان ولد یوسف اوڑھ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے جبکہ اہل خانہ نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ انہیں انصاف مل سکے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں، تاہم تاحال کوئی باضابطہ گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ مقدمے کی مزید تفصیلات اور پولیس کا باضابطہ مؤقف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے لایا جائے گا۔