حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں سنسنی خیز مقابلوں کے بعد فاتحین میں ٹرافیاں تقسیم، انعامات کا اعلان

پشاور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں غنی گلاس اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس انتظامیہ کے تعاون سے منعقد ہونے والا پانچواں پشاور اوپن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ شاندار اور یادگار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ ٹورنامنٹ میں مختلف کیٹیگریز کے کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ سنسنی خیز فائنلز کے بعد فہد، ریحان، امجد اور زونیرہ عمیر نے اپنی اپنی کیٹیگریز میں چیمپئن شپ کے اعزازات حاصل کر لیے۔

مردوں کی اوپن کیٹیگری کے فائنل میں فہد نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اریب کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ خواتین کی کیٹیگری میں زونیرہ عمیر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نووال کو ہرایا اور چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ بوائز کیٹیگری کے فائنل میں ریحان نے عاصم کو شکست دے کر ٹرافی جیت لی، جبکہ ویٹرن کیٹیگری میں امجد نے سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد ملک اسد کو زیر کرکے چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وین گروپ آف کمپنیز کے قاضی ہارون الرشید تھے۔ اس موقع پر صوبائی محکمہ کھیل کے چیف کوچ شفقت اللہ، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر کفایت اللہ، حیات آباد ٹیبل ٹینس اکیڈمی کے کوچ محمد ابراہیم، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر عابد آفریدی، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، آفیشلز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاضی ہارون الرشید نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مند معاشرے کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرکے انہیں مثبت سمت بھی فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے ٹورنامنٹ کی مختلف کیٹیگریز کے فاتح کھلاڑیوں کے لیے دس، دس ہزار روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا، جسے شرکاء اور کھلاڑیوں نے بھرپور انداز میں سراہا اور خوش آئند قرار دیا۔

اس موقع پر چیف کوچ شفقت اللہ اور پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر کفایت اللہ نے اپنے خطاب میں ٹورنامنٹ کے آرگنائزر اور کوچ محمد ابراہیم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے معیاری مقابلے گراس روٹس سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ کھیل اور صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کر سکیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے مختلف کیٹیگریز کے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں، جبکہ مہمانوں کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ شرکاء نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے ٹورنامنٹس کے انعقاد سے صوبے میں ٹیبل ٹینس کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے