روسی پیش قدمی جاری، ڈونیسک کے مزید شہر پر قبضے کا دعویٰ

ماسکو (کیو این این ورلڈ) روس نے یوکرین کے مشرقی علاقے ڈونیسک میں واقع ایک اور شہر کوستیان تینیوکا پر قبضے کا دعویٰ کر دیا ہے، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسے پورے ڈونیسک ریجن پر کنٹرول حاصل کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ روسی افواج نے ڈونیسک ریجن کے شہر کوستیان تینیوکا کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس پیش رفت کو یوکرین کے مشرقی محاذ پر ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے ڈونیسک ریجن پر قبضے کی جانب پہلا مگر انتہائی اہم قدم ہے۔

صدر پیوٹن نے عسکری قیادت کو ہدایت کی ہے کہ مستقبل کی حکمت عملی کے لیے یوکرین پر حملوں میں مزید شدت لائی جائے، جبکہ یوکرینی فوج میں شامل غیر ملکی جنگجوؤں کی اصل تعداد اور ان کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جائیں تاکہ آئندہ فوجی فیصلے مؤثر انداز میں کیے جا سکیں۔

دوسری جانب یوکرین کی جانب سے روس کے اس دعوے کی فوری طور پر تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جبکہ جنگی صورتحال کے باعث آزاد ذرائع سے بھی اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران دونوں ممالک متعدد علاقوں پر قبضے اور جوابی کارروائیوں کے دعوے کرتے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے