اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر)اوکاڑہ میں ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محمد ایاز سلیم نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے ہمراہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی و انتظامی انتظامات کا جائزہ لیا۔
آر پی او نے مرکزی امام بارگاہ ایوانِ حسین کے کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا اور محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر محمد ایاز سلیم کا کہنا تھا کہ عزاداروں کو بہترین سکیورٹی، انتظامی اور طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ مرکزی جلوس کے روٹس پر تمام انتظامات بروقت مکمل ہونے چاہییں۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے لائٹس، صفائی ستھرائی اور دیگر بلدیاتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکمے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کو جامع سکیورٹی کور فراہم کیا جائے گا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کے تمام روٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔