درجن بھر مسلح ڈاکو لاکھوں کی نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار، پولیس کی تحقیقات جاری

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار)تھانہ چوچک کی حدود میں خونی ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر 15 سالہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا جبکہ مسلح ڈاکو لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق چک نمبر 7 جی ڈی وٹواں والا میں درجن بھر مسلح ڈاکو ایک مقامی شہری کے گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔ ڈاکوؤں نے گھر سے 11 لاکھ روپے نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیں۔

واردات کے دوران گھر کے 15 سالہ نوجوان احمد حسن نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گولی اس کے سینے میں لگی اور وہ شدید زخمی ہو گیا۔

ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ زخمی لڑکے کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی چوچک پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ایس ایچ او چوچک کے مطابق پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

علاقہ مکینوں نے واردات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے