کیو این این ورلڈ ’قومی تحریری مقابلہ 2026‘ کے نتائج کا اعلان
اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) کیو این این ورلڈ کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کی مناسبت سے منعقدہ ’’قومی تحریری مقابلہ 2026‘‘ کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ’جشنِ آزادی: میرا پاکستان، میری ذمہ داری‘ کے عنوان پر منعقدہ اس مقابلے میں ملک بھر سے کل 33 تحریریں موصول ہوئیں، تاہم جیوری کے باریک بینی سے جائزے کے بعد اعلیٰ فکری و ادبی معیار پر پورا اترنے والی 9 تحریروں کو اشاعت کے لیے منتخب کیا گیا۔
منتظمین کے مطابق مقابلے میں شامل متعدد تحریریں براہِ راست مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی تھیں اور انہیں بغیر کسی فکری یا ادبی ترمیم کے بھیج دیا گیا تھا۔ مقابلے کے ضوابط کے تحت AI سے تیار کردہ مواد کی شمولیت مکمل طور پر ممنوع تھی، جس کے باعث ایسی تمام تحریروں کو ارکانِ جیوری نے نااہل قرار دے دیا۔
جیوری کے متفقہ فیصلے کے تحت سید نذیر شاہ کی تحریر نے موضوع سے گہری مطابقت، فکری پختگی اور مؤثر اسلوبِ تحریر کی بنا پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ معروف کالم نگار ضیاء الحق سرحدی دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ ظفر اقبال ظفر کے کالم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تینوں نمایاں پوزیشن ہولڈرز کو ادارے کی جانب سے خصوصی اعزازی سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔
مزید برآں بعض دیگر معیاری اور منفرد تحریروں کو بھی خصوصی پذیرائی کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ ناز پروین کی تحریر ’’گھر تو آخر اپنا ہے‘‘، عصمت اسامہ کا افسانہ ’’سرحد‘‘ اور نصیب شاہ شینواری کا تفصیلی کالم جیوری کی جانب سے خصوصی اعزازی سرٹیفکیٹس کے لیے منتخب کیے گئے۔ علاوہ ازیں دیگر تمام شرکاء کو بھی ان کی کاوشوں پر حوصلہ افزائی کے سرٹیفکیٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔
کیو این این ورلڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کاوش کا بنیادی مقصد نوجوانوں، طلبہ اور قلم کاروں میں حب الوطنی، قومی شعور اور مثبت فکر کو بیدار کرنا تھا۔ اس پلیٹ فارم نے لکھاریوں کو موقع فراہم کیا کہ وہ ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں بطور شہری اپنے کردار پر کھل کر اظہارِ خیال کر سکیں۔
انتظامیہ نے تمام قلم کاروں کی شرکت کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں بھی تعمیری اور ادبی سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔ پوزیشن ہولڈرز اور خصوصی اعزاز حاصل کرنے والے تمام تحریر کنندگان (سید نذیر شاہ، ضیاء الحق سرحدی، ظفر اقبال ظفر، ناز پروین، عصمت اسامہ اور نصیب شاہ شینواری) کی تحریریں نیچے دیے گئے متعلقہ لنکس پر وزٹ کر کے پڑھی جا سکتی ہیں۔
جشن آزادی: میرا پاکستان، میری ذمہ داری/ تحریر ۔ سید نذیر شاہ
جشنِ آزادی : میرا پاکستان، میری ذمہ داری / تحریر: ضیاء الحق سرحدی
جشن آزادی:میرا پاکستان، میری زمہ داری!/تحریر: ظفر اقبال ظفر
جشن آزادی : میرا پاکستان، میری ذمہ داری /تحریر: نصیب شاہ شینواری