اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) کیو این این ورلڈ کی انتظامیہ، ادارتی ٹیم اور تمام شعبہ جات کے اراکین نے پاکستان کے 79 ویں جشنِ آزادی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اس تاریخی دن پر وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی تعمیر و نو میں ہر شہری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا کہ 14 اگست کا دن فخر، خوشی اور تجدیدِ عہد کا مظہر ہے، جو ان عظیم قربانیوں کی یاد دلا تا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے دیں۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جس کی قدر کا تقاضا ہے کہ ہم جشن منانے کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی، اتحاد، اور قانون کی پاسداری کے لیے عملی قدم اٹھائیں۔
اس موقع پر کیو این این ورلڈ نے اپنے بنیادی صحافتی اصول اور سلوگن ’’مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت‘‘ کی پاسداری کے عزم کو دہرایا۔ پیغام میں زور دیا گیا کہ موجودہ دور میں عوام تک مستند، غیر جانبدار، اور باوثوق معلومات کی فراہمی صحافت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ادارہ عوامی مسائل کی نشاندہی، مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ خدمات دیانت داری سے سرانجام دیتا رہے گا۔
پیغام میں نوجوانوں، طلبہ، اساتذہ، اہلِ قلم اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی توانائیوں اور صلاحیتوں کو ملک کی بہتری کے لیے بروئے کار لائیں۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مضبوطی باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مفاد کو ترجیح دینے میں پنہاں ہے۔
آخر میں کیو این این ورلڈ کی جانب سے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے اور وطنِ عزیز کو امن، ترقی اور خوشحالی کی بلندیوں سے ہمکنار کرے۔
پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد!