ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ /بیوروچیف مجاہداقبال کھوسہ)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان بیرسٹر بلال سلیم نے نو منتخب صدر ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، محترم رفیق خان پتافی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرنے کے لیے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفتر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے نو منتخب صدر رفیق خان پتافی اور دیگر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ضلعی انتظامیہ کے سربراہان نے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ڈیرہ غازی خان کی معاشی خوشحالی، کاروباری سہولیات کی فراہمی اور تجارت کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی بھی موجود تھے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت تاجر برادری کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی، کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے اور خطے میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈیرہ غازی خان کی معاشی ترقی اور تاجر برادری کے فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
