رینالہ خورد(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) مٹھائی اور دیگر اشیاء خریدنے کا جھانسہ دے کر تاجروں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے مبینہ نوسرباز کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ پولیس نے ملزم سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انتظار ولد ذوالفقار سکنہ چک نمبر 13 ون اے ایل گزشتہ ایک سال سے رینالہ خورد کے مختلف دکانداروں کو مٹھائی، ادویات، رنگ روغن اور موٹر وائنڈنگ کروانے کے بہانے فون کر کے مبینہ طور پر نوسربازی کرتا رہا اور متعدد تاجروں سے رقم ہتھیاتا رہا۔
متاثرہ تاجروں میں بیکرز، میڈیکل اسٹورز، آئرن اسٹورز اور الیکٹرک شاپس کے مالکان شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ شب بھی ملزم نے شیرگڑھ روڈ پر مٹھائی خریدنے کے بہانے حبیب بیکرز اور ایک میڈیکل اسٹور کے مالکان سے بذریعہ فون ہزاروں روپے وصول کیے۔
اپنے مخصوص طریقہ واردات کے مطابق ملزم نے گزشتہ روز بھی ایک تاجر کو سامان خریدنے کیلئے فون کیا۔ جب تاجر موقع پر پہنچا تو مبینہ نوسرباز اسے دیکھتے ہی فرار ہونے لگا، تاہم موقع پر موجود شہریوں نے تعاقب کر کے اسے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ متاثرہ تاجروں سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔