رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ): گرین بس سروس میں مسافر کا قیمتی موبائل فون چوری ہونے پر بس ڈرائیور نے حاضر دماغی اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کے تمام دروازے بند کردیئے اور پوری بس کو براہِ راست تھانہ صدر رینالہ خورد پہنچا دیا، جہاں پولیس نے تلاشی کے دوران مبینہ چور کو مسروقہ موبائل فون سمیت گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گرین بس میں سفر کے دوران ایک مسافر کا قیمتی موبائل فون پراسرار طور پر غائب ہوگیا۔ موبائل فون چوری ہونے کی اطلاع ملتے ہی بس ڈرائیور نے فوری طور پر صورتحال کو بھانپ لیا اور ملزم کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے بس کا کوئی بھی دروازہ نہ کھولا۔
ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کو راستے میں روکنے یا مسافروں کو اتارنے کے بجائے براہِ راست تھانہ صدر رینالہ خورد پہنچایا۔ اس دوران بس میں موجود تمام مسافر بھی بس کے اندر موجود رہے تاکہ مبینہ چور کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔
تھانے پہنچنے پر پولیس اہلکاروں نے بس کو اپنی تحویل میں لے لیا اور تمام مسافروں کی تلاشی کا عمل شروع کیا۔ پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران بس میں موجود ایک شخص کے قبضے سے مسروقہ موبائل فون برآمد ہوگیا، جس پر اسے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے مسروقہ موبائل فون برآمد کرنے کے بعد قانونی کارروائی شروع کردی، جبکہ موبائل فون اصل مالک کے حوالے کردیا گیا۔
واقعے کے بعد مسافروں اور مقامی شہریوں کی جانب سے بس ڈرائیور کی حاضر دماغی، فوری فیصلہ سازی اور ملزم کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملی کو سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی بروقت کارروائی کے باعث نہ صرف مسافر کا قیمتی موبائل فون برآمد ہوگیا بلکہ مبینہ ملزم بھی پولیس کے ہاتھ لگ گیا۔