بوگوٹا(کیو این این ورلڈ) کولمبیا میں طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف علاقوں میں عمارتیں منہدم ہونے سے کم از کم 111 افراد ہلاک جبکہ 87 زخمی ہوگئے۔ کئی افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں اور خدشہ ہے کہ کچھ لوگ تاحال ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔
مغربی کولمبیا میں پیر کی صبح 7.4 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا، جس کے شدید جھٹکے دارالحکومت بوگوٹا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث صوبہ چوکو کے دارالحکومت کیبڈو میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز محکمہ چوکو کے علاقے سان ہوزے ڈیل پالمر میں تھا، جو دارالحکومت بوگوٹا سے تقریباً 280 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 34 منٹ پر آیا اور اس کی گہرائی 107 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
کولمبیا کے شمال مغربی صوبے چوکو کی گورنر نوبیا کارولینا کورڈوبا کوری نے زلزلے کے نتیجے میں کیبڈو میں عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
گورنر کے مطابق محکمہ چوکو میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اگرچہ زلزلے کا مرکز سان ہوزے ڈیل پالمر میں تھا، تاہم کیبڈو میں اس کے اثرات نمایاں رہے، جہاں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور لوگ زخمی ہوئے۔
زلزلے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کا عمل شروع کردیا۔ حکام کی جانب سے مختلف علاقوں میں عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
شدید زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں لوگ گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ بعض علاقوں میں شہریوں نے کھلے مقامات پر پناہ لی۔
حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد ممکنہ آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر متاثرہ اور کمزور عمارتوں میں جانے سے گریز کیا جائے۔ ریسکیو اور ریلیف ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔