رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار) ملک بھر کی طرح رینالہ خورد اور گردونواح میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ موجودہ وقت میں پٹرولیم کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، جس کی وجہ سے پہلے ہی مہنگائی، مہنگی بجلی اور بھاری ٹیکسوں سے ستائے ہوئے شہری دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ رہی سہی کسر پٹرولیم کی قیمتوں نے نکال دی ہے، جہاں حکومت کی جانب سے قیمتوں میں درپے اضافہ کر کے عوام کو زندہ درگور کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی یہ ہوش ربا قیمتیں ہیں، تو دوسری جانب رینالہ خورد اور تحصیل بھر میں پیشتر پٹرول پمپس مالکان نے پٹرول فراہم کرنے والی مشینوں کے پیمانوں میں مبینہ ردوبدل کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر رکھا ہے۔ مہنگا پٹرول خریدنے کے باوجود پیمانوں میں اس گڑبڑ اور کم پیمائش کی وجہ سے پٹرول پمپ مالکان غریب شہریوں کی جیبوں پر سرعام ڈاکہ ڈال رہے ہیں، جس پر عوام شدید سٹپٹا گئی ہے۔
میڈیا کی جانب سے اس سنگین صورتحال پر کیے گئے ایک عوامی سروے میں شہریوں کا غصہ پھٹ پڑا اور انہوں نے پٹرول پمپ انتظامیہ اور حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ شہریوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پٹرولیم کی قیمتوں میں کیا گیا ظالمانہ اضافہ فوری طور پر واپس لے تاکہ غریب طبقہ سکھ کا سانس لے سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مقامی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پیمانوں میں گڑبڑ کرنے والے پٹرول پمپس مالکان کے خلاف فوری اور سخت ترین قانونی ایکشن لیا جائے تاکہ اس سرعام لوٹ مار کا خاتمہ ہو سکے۔