رینالہ خورد میں جعلی منرل واٹر کے خلاف کارروائی، 500 لیٹر پانی اور پیکنگ سامان ضبط

رینالہ خورد (نامہ نگار): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رینالہ خورد کے نواحی علاقے اختر آباد میں پانی کی بوتلوں کی جعلی پیکنگ کرکے مارکیٹ میں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 واٹر پلانٹس کی انسپکشن کی۔ کارروائی کے دوران 500 لیٹر پانی، بڑی تعداد میں خالی بوتلیں، جعلی پیکنگ میٹریل اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے اختر آباد میں کارروائی کے دوران غیر معیاری پانی کو بوتلوں میں پیک کرکے مختلف مقامات پر سپلائی کرنے کی تیاری پکڑی۔ فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق پانی کا سیمپل فیل ہونے اور جعلی پیکنگ کے شواہد ملنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور نے کہا کہ غیر معیاری پانی کو منرل واٹر کے نام پر شہریوں کو فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھاری مقدار میں غیر معیاری پانی پیک کرکے مختلف مقامات پر سپلائی کیا جانا تھا، تاہم فوڈ سیفٹی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانی، خالی بوتلیں، جعلی پیکنگ میٹریل اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔

فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ تھانہ صدر رینالہ خورد پولیس نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے