سیرت النبی ﷺ کوئز مقابلے میں پنجاب بھر سے طلبہ کی بھرپور شرکت

رینالہ خورد (سٹی رپورٹر): حفاظ ایجوکیشن سسٹم کے زیر اہتمام آل پنجاب سیرت النبی ﷺ کوئز مقابلہ جامعہ مسجد و مدرسہ خلفائے راشدین، ماڈل ٹاؤن رینالہ خورد، اوکاڑہ میں منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے مختلف شہروں سے 25 ٹیموں نے شرکت کی۔

کوئز مقابلے میں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میلسی، ملتان، کبیر والا، خانیوال، پیرمحل اور جھنگ سمیت مختلف علاقوں سے ٹیمیں شریک ہوئیں۔ مقابلہ مختلف راؤنڈز پر مشتمل تھا، جبکہ ہر ٹیم دو شرکاء پر مشتمل تھی۔

مقابلے کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں ایم پی اے چوہدری جاوید علاؤالدین سمیت علاقے کی معزز شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

مقررین نے سیرت النبی ﷺ کے مطالعے اور نئی نسل کو حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ، تعلیمات اور اسوہ حسنہ سے روشناس کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء نے سیرت النبی ﷺ سے متعلق علمی و معلوماتی سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے