رینالہ خورد (نامہ نگار) قومی شاہراہ پر کسان مووی پوائنٹ کے قریب برائلر مرغیوں سے بھری گاڑی ٹائر برسٹ ہونے کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 1700 کلوگرام مرغیاں ہلاک ہو گئیں۔ اطلاع ملنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک ہونے والی تمام مرغیوں کو موقع پر ہی آگ لگا کر تلف کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ پر کسان مووی پوائنٹ کے قریب برائلر مرغیوں سے لوڈ ایک وین کا اچانک ٹائر برسٹ ہو گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں موجود تقریباً 1700 کلوگرام مرغیاں ہلاک ہو گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر توحید الرحمن اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہلاک ہونے والی تمام مرغیوں کو موقع پر ہی آگ لگا کر تلف کر دیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کا مقصد مردہ مرغیوں کو مارکیٹ میں سپلائی ہونے اور فوڈ چین میں شامل ہونے سے روکنا تھا، کیونکہ ایسی مرغیوں کا گوشت انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ بروقت کارروائی کے ذریعے مردہ مرغیوں کی ممکنہ فروخت اور شہریوں تک مضرِ صحت گوشت پہنچنے کے خدشے کو روکا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور عوام کی صحت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ خوراک کے معیار اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔