ایران امریکا مذاکرات میں اہم پیش رفت، جوہری بات چیت کی تردید

تہران (کیو این این ورلڈ) ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں ایک ابتدائی فریم ورک پر پیش رفت ہوئی ہے تاہم اس مرحلے پر کسی معاہدے کا حتمی اعلان قبل از وقت ہوگا اور مذاکراتی وفد کو پاکستان بھیجنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل کا بنیادی مقصد جنگ کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی ہے۔ ان کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان متعدد امور پر پیش رفت ہوئی ہے لیکن ابھی کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر جوہری معاملات پر کوئی براہِ راست بات چیت نہیں ہو رہی اور موجودہ مذاکرات صرف کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے خاتمے تک محدود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حساس امور کو اس وقت زیر بحث نہیں لایا جا رہا۔

ترجمان کے مطابق آبنائے ہرمز کے انتظامات ساحلی ممالک کی ذمہ داری ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کا اضافی ٹول یا غیر معمولی فیس عائد کرنے کی بات درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سروسز فراہم کی جائیں تو ان کی قیمت وصول کی جا سکتی ہے لیکن اسے ٹیکس یا ٹول کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران اپنی قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک منظم اور محتاط حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور دباؤ یا پروپیگنڈا کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ فی الحال ایران کی جانب سے مذاکراتی وفد کو پاکستان بھیجنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔

دوسری جانب امریکی سینیٹر اور سابق وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دورۂ بھارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید تھی کہ مذاکرات کے حوالے سے رات تک کوئی پیش رفت سامنے آئے گی اور ممکن ہے یہ معاملہ جلد کسی نتیجے تک پہنچ جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے کے بارے میں غیر ضروری قیاس آرائیاں نہیں کرنی چاہئیں، یا تو ایک مضبوط معاہدہ سامنے آئے گا یا پھر اس معاملے سے نمٹنے کے لیے کوئی اور راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطے اگرچہ نازک مرحلے میں ہیں لیکن فریم ورک پر پیش رفت اس بات کی علامت ہے کہ دونوں فریقین کشیدگی کم کرنے کے لیے کسی مشترکہ نکتے کی تلاش میں ہیں، تاہم حتمی معاہدے کے امکانات ابھی غیر یقینی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے