بیجنگ میں پاک چین تعاون میں وسعت، مختلف شعبوں میں نئی شراکت داریوں کا آغاز

بیجنگ (کیو این این ورلڈ) پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے 15 اہم مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک، اقتصادی اور تکنیکی شراکت داری کو نئی جہت مل گئی ہے۔

بیجنگ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ شریک ہوئے، جہاں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور وزراء کی موجودگی میں معاہدوں کا تبادلہ کیا گیا۔

تقریب کے دوران جن 15 دستاویزات پر دستخط ہوئے ان میں اقتصادی ترقی، ماحولیات، زراعت، میڈیا، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور تجارت سمیت متعدد اہم شعبے شامل ہیں۔

اقتصادی ترقی کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کے وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال اور چینی نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے ڈائریکٹر نے دستخط کیے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ماحولیاتی تبدیلی اور موسمیاتی تعاون سے متعلق معاہدے پر چین کے وزیر ماحولیات اور پاکستان کے سفیر نے دستخط کیے، جس کے تحت دونوں ممالک ماحول دوست پالیسیوں اور مشترکہ منصوبوں پر کام کریں گے۔

زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں بھی اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی جہاں ویٹرنری ویکسین عطیہ اور زرعی تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ ان معاہدوں کا مقصد پاکستان کی زرعی پیداوار میں اضافہ اور بیماریوں کے کنٹرول کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔

کسٹمز اور قرنطینہ کے شعبے میں خشک میوہ جات اور مکئی کی برآمدات کے لیے سینیٹری اور فائٹوسینیٹری پروٹوکولز پر اتفاق کیا گیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں کم کی جا سکیں۔

میڈیا اور اطلاعات کے شعبے میں بھی اہم تعاون طے پایا، جس کے تحت شنہوا نیوز ایجنسی اور پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اسی طرح چائنا میڈیا گروپ اور پاکستان ٹیلی وژن کے درمیان مشترکہ ڈاکیومنٹری پروڈکشن کے حوالے سے بھی معاہدہ طے پایا۔

تعلیمی اور پالیسی سطح پر تعاون کے لیے چینی پارٹی اسکول اور پاکستان نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے درمیان مفاہمت ہوئی، جبکہ سفارتی تربیت کے لیے چائنا فارن افیئرز یونیورسٹی اور پاکستان فارن سروس اکیڈمی کے درمیان بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

تجارت، انسداد دہشتگردی آلات، انسانی وسائل کی ترقی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

تقریب کے دوران حکام نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی ترقی، ٹیکنالوجی کے تبادلے، زرعی بہتری اور میڈیا تعاون میں نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے