عمران خان اور ان کی فیملی سے پاکستان کے لیے کبھی کوئی خیر ہو ہی نہیں سکتی، عظمیٰ بخاری

لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کے معرکۂ حق اور پاک فوج سے متعلق انتہائی متنازع اور گمراہ کن بیان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک ہنگامی ردِعمل میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نورین نیازی کا یہ زہریلا بیان دراصل ان کے بھائی بانی پی ٹی آئی کی اصل سوچ اور ایجنڈے کی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ اس پورے خاندان کو پاکستان کی ہر کامیابی سے شدید تکلیف ہوتی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پوری دنیا نے اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو معرکۂ حق میں عبرتناک اور تاریخی شکست سے دوچار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واضح معرکے پر نورین نیازی کا فاشسٹ مودی کے حق میں کھڑے ہو کر بات کرنا انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت ہے، جس سے ان کا پاکستان دشمن بیانیہ کھل کر عوام کے سامنے آ چکا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی تینوں بہنیں یا تو خود کو دنیا کی عقلِ کل شخصیات سمجھتی ہیں یا پھر وہ مکمل طور پر پاگل ہو چکی ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی سے پاکستان کے لیے کبھی بھی کوئی خیر ہو ہی نہیں سکتی، ان کا مقصد صرف اور صرف ملکی اداروں کو نشانہ بنانا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان اور ہمارے فضائیہ کے شاہینوں نے شجاعت کے تاریخی کارنامے رقم کیے تھے اور پاک فوج کی ان لازوال کامیابیوں پر پوری غیور قوم کو ہمیشہ فخر رہے گا۔ واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں معرکۂ حق کو پاک فوج اور مودی کا گٹھ جوڑ قرار دے کر شدید تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے