اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کا پاک فوج اور معرکۂ حق کے حوالے سے ایک انتہائی متنازع، سنگین اور ہرزہ سرائی پر مبنی بیان سامنے آیا ہے، جس سے ان کا فوج اور بغضِ پاکستان کھل کر دنیا کے سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں قومی سلامتی کے اداروں اور ملکی دفاعی معرکوں پر مضحکہ خیز الزامات عائد کیے ہیں۔
نورین نیازی نے اپنے انٹرویو میں سیکیورٹی معاملات اور دفاعی آپریشنز پر انتہائی گمراہ کن دعوے کرتے ہوئے الزام لگایا کہ معرکۂ حق دراصل افواجِ پاکستان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا آپسی گٹھ جوڑ تھا اور مودی کے ساتھ مل کر یہ پورا ڈراما رچایا گیا۔ انہوں نے پاکستان دشمنی میں یہاں تک کہہ دیا کہ مودی چاہتا تو دو منٹ میں انہیں فکس کر دیتا، لیکن وہ صرف اس لیے رکا کیونکہ اسرائیل ان کے پیچھے کھڑا تھا۔
اپنے مذموم بیانیے کو آگے بڑھاتے ہوئے نورین نیازی کا کہنا تھا کہ ان کا اصل مقصد پاکستان سے اسرائیل کو تسلیم کرانا تھا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اسی لیے ان کی تعریفیں کرتے ہیں، ورنہ وہ انہیں اچھے نہیں لگتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ابراہم ایکارڈ کرانا تھا اور اسرائیل سے پاکستان کے رابطے تھے، اسی لیے یہ سارا ڈراما پاک فوج کو عزت دلانے کے لیے رچایا گیا۔
دوسری جانب سیاسی و دفاعی ماہرین نے اس انٹرویو پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نورین نیازی کے الفاظ، لب و لہجہ اور یہ زہریلی سوچ بانی پی ٹی آئی کے اسی مخصوص بیانیے کی عکاسی کرتے ہیں جس کا محور صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ ماہرین کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور ان کا پورا خاندان اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ملکی وقار اور سلامتی کو بھی داؤ پر لگانے سے گریز نہیں کر رہا۔
ماہرینِ دفاع نے سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ نورین نیازی کا یہ گمراہ کن اور غیر ذمہ دارانہ بیان براہِ راست بھارتی بیانیے کو تقویت پہنچاتا ہے، جسے اب بھارتی میڈیا اور پاکستان دشمن عناصر وطنِ عزیز کے خلاف عالمی سطح پر پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کریں گے۔ یہ زہریلا بیان پی ٹی آئی کے اس نام نہاد اور جھوٹے دعوے کی بھی قلعی کھولتا ہے کہ فوج ان کی اپنی ہے۔