دشمن قوتیں پاکستان کے استحکام اور عوامی اتحاد کے سامنے ناکام ہوں گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی(کیو این این ورلڈ) چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پراکسیز، جعلی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں اپنے عزائم میں ناکام ہوں گی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔

فیلڈ مارشل نے کمانڈسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی اراکین سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے اعلیٰ تربیتی معیار، پیشہ ورانہ استعداد اور جنگی مہارت کو سراہا۔ انہوں نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹاف کالج کے فارغ التحصیل افسران ہمیشہ اپنی غیرمعمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث نمایاں رہے ہیں۔ افسران کو بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کے مطابق اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنانا ہوگی تاکہ آپریشنل برتری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار برقرار رہیں۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور امن و استحکام کے قیام، ریاستی رٹ برقرار رکھنے اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں ان کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا اور دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوامی اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیرپا ترقی عوام دوست حکمتِ عملی، بہتر طرزِ حکمرانی اور مؤثر سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے