وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایران روانہ

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کے ہمراہ ایران کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد سے روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم تہران میں سابق ایرانی سپریم لیڈر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینیٹر نیئر حسین بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی وفد میں شامل ہیں۔

دورۂ ایران کے دوران وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ایرانی قیادت، سوگوار خاندانوں اور برادر ایرانی قوم سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کریں گے۔ وزیراعظم اس موقع پر غم کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا بھی اعادہ کریں گے۔

وزیراعظم کی ایران میں اعلیٰ ایرانی قیادت اور دیگر شریک وفود سے غیر رسمی ملاقاتوں کا بھی امکان ہے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔

ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تہران سے ترکیہ کے دوطرفہ دورے پر استنبول روانہ ہوں گے، جہاں وہ ترک قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے