تہران (کیو این این ورلڈ) ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے قائم مقام کمانڈر احمد واحدی امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر منظرِ عام پر آ گئے۔ وہ تہران میں سابق ایرانی سپریم لیڈر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک تعزیتی تقریب میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اعلیٰ حکومتی اور عسکری شخصیات کے ہمراہ حاضری دی۔
احمد واحدی کی یہ پہلی عوامی موجودگی اس وقت سامنے آئی ہے جب وہ گزشتہ کئی ماہ سے منظرِ عام پر نہیں آئے تھے۔ ان کی تقریب میں شرکت کو ایران کے سیاسی اور عسکری حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ احمد واحدی کو پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر محمد پاکپور کی امریکا اور اسرائیل کے حملے میں شہادت کے بعد یکم مارچ 2026 کو پاسدارانِ انقلاب کا قائم مقام کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔ تقرری کے بعد وہ کسی عوامی تقریب میں دکھائی نہیں دیے تھے، جس کے باعث ان کی عدم موجودگی مختلف قیاس آرائیوں کا سبب بنی رہی۔
دوسری جانب ایران میں شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین اور آخری رسومات کی تیاریاں جاری ہیں۔ ان کا جسدِ خاکی جمعرات کی شام جنوبی تہران میں واقع امام خمینی حسینیہ کے قریب تعزیتی مقام پر پہنچایا گیا، جہاں اعلیٰ ایرانی حکام، عسکری قیادت، مذہبی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے حاضری دے کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایرانی حکام کے مطابق آخری رسومات کے سلسلے میں ملک بھر میں غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ لاکھوں افراد کی شرکت کے پیشِ نظر سکیورٹی کے سخت اقدامات بھی نافذ ہیں۔