پاور ہاؤسز بند ہونے سے بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا

لاہور(کیو این این ورلڈ)ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث لیسکو سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ینگ انجینئرز کونسل کے فوکل پرسن عثمان فاروق کے مطابق نیشنل گرڈ سے متعدد پاور ہاؤسز نکل گئے ہیں جن کی 16 اکتوبر تک واپسی کا امکان ہے۔ پاور ہاؤسز کی بندش سے بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے جبکہ گیس، ڈیزل اور پانی سے بجلی کی پیداوار بھی کم ہو چکی ہے۔ اس صورتحال کے باعث مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 3 سے 4 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرمی اور طلب میں اضافے کے باعث لیسکو کا شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے جس کی وجہ سے باری باری ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیسکو چیف کی درخواست کے باوجود این پی سی سی کی جانب سے بجلی کا کوٹہ نہیں بڑھایا جا سکا۔ فی الوقت پاور سسٹم شدید دباؤ کا شکار ہے اور آنے والے چند دنوں میں شہریوں کو بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے