پیر عادل(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار باسط علی گاڈی) بستی شاہ والی میں گزشتہ تین روز سے بجلی کا ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے جبکہ شدید گرمی اور حبس نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
اہل علاقہ کے مطابق بجلی کی طویل بندش کے باعث معصوم بچے، خواتین اور بزرگ شدید اذیت کا شکار ہیں اور راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں بجلی نہ ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مسئلے کے حل کیلئے متعدد بار عوامی نمائندوں، فوکل پرسنز اور متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا، تاہم تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں نے شکایت کی کہ بارہا درخواستوں کے باوجود ٹرانسفارمر تبدیل نہیں کیا جا سکا جس کے باعث عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔
بستی شاہ والی کے رہائشیوں نے حکام بالا سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ “خدارا ہم مظلوموں پر ترس کھایا جائے” اور فوری طور پر نیا ٹرانسفارمر نصب کرکے بجلی بحال کی جائے تاکہ علاقہ مکینوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔
اہل علاقہ نے واپڈا حکام اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور ہنگامی بنیادوں پر ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔