اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام وکالت ناموں پر دستخط نہ کرا کے دینے کے معاملے پر اٹھایا گیا ہے، جس کے بعد اب یہ قانونی تنازع باقاعدہ طور پر اعلیٰ عدالت کے سامنے پہنچ گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں باقاعدہ درخواست دائر کی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 20 مئی کو اپنے ایک فیصلے میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وکالت ناموں پر دستخط کرا کے دینے کی واضح ہدایت جاری کی تھی، تاہم اس عدالتی فیصلے پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے قانونی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔
عدالت کو مطلع کیا گیا ہے کہ وکلا کی قانونی ٹیم دستخط کرانے کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر بار بار جاتی رہی، لیکن اس کے باوجود سپرنٹنڈنٹ جیل نے وکالت ناموں پر دستخط کرا کر نہیں دیے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی کرنے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف فوری طور پر توہینِ عدالت کی قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔