گورنر فیصل کریم کنڈی کا خیبرپختونخوا میں مؤثر نظامِ صحت کے قیام پر زور، 29 طالبات میں اعزازات تقسیم

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ طالبات نے اپنی قابلیت اور عزم سے ثابت کر دیا ہے کہ صلاحیت کسی صنف کی محتاج نہیں۔ صوبے میں تعلیم اور صحت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ہدف ایسا مؤثر نظامِ صحت قائم کرنا ہے جس کے تحت خیبرپختونخوا کے مریضوں کو علاج کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور کے ساتویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ناز، خیبر گرلز میڈیکل کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر خان، فیکلٹی ممبران، والدین اور فارغ التحصیل طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانووکیشن کے دوران سیشن 2021، 2022 اور 2023 کی 171 ایم بی بی ایس گریجویٹس اور 9 پوسٹ گریجویٹس سمیت مجموعی طور پر 180 ڈاکٹرز میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والی 29 طالبات کو 86 گولڈ میڈلز اور تعریفی اعزازات سے نوازا گیا۔

ایم بی بی ایس کی طالبہ فرح افشین نے 15 گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ شیریں شمس نے 9 اور نور ایاز و خدیجہ منظر نے 8، 8 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے فارغ التحصیل ڈاکٹرز اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ڈاکٹرز پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت داری، مسلسل سیکھنے کے جذبے اور مریضوں کے ساتھ ہمدردی کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتیں دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔

گورنر نے کالج انتظامیہ کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات کے حوالے سے یقین دہانی کرائی کہ خیبر گرلز میڈیکل کالج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے معیاری طبی تعلیم، جدید طبی سہولیات اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا میں ایسا مؤثر نظامِ صحت تشکیل دینے کی ضرورت ہے جہاں شہریوں کو معیاری علاج کی سہولیات میسر ہوں اور انہیں علاج کے لیے دوسرے صوبوں میں جانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

تقریب سے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ناز نے بھی خطاب کیا، جبکہ خیبر گرلز میڈیکل کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر خان نے گورنر اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کالج کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے