لنڈی کوتل کے آصف خان اور مبارک خان کی جوجِتسو چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی، میڈلز جیت لیے

پشاور/لنڈی کوتل(کیو این این ورلڈ /بیورورپورٹ) محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے زیرِ اہتمام انٹر ڈویژن آل خیبر پختونخوا جوجِتسو چیمپئن شپ پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس میں صوبے کے تمام ڈویژنز کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ چیمپئن شپ میں لنڈی کوتل کی ٹیم نے بھی شرکت کرتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے علاقے کا نام روشن کیا۔

لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں آصف خان اور مبارک خان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کی اور میڈلز اپنے نام کیے۔ کھلاڑیوں کی یہ کامیابی سینسی حیات نذیر کی قیادت میں حاصل ہوئی، جس پر ٹیم اور کھیل سے وابستہ حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

لنڈی کوتل کی ٹیم کے اراکین نے چیمپئن شپ کے مجموعی انتظامات کو سراہتے ہوئے صدر تحسین اللہ، جنرل سیکرٹری نعیم جان اور ریفری پینل کے ارکان اللہ گل اور فضل آفریدی کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلوں کا انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے اور کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس موقع پر سینسی حیات نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لنڈی کوتل کے مارشل آرٹس کے کھلاڑی محدود وسائل اور حکومتی یا دیگر اداروں کی خاطر خواہ سرپرستی کے بغیر مسلسل قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات اور سرپرستی نہ ملنے کے باعث ان میں مایوسی پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارشل آرٹس ایک مثبت، صحت مند اور نظم و ضبط پر مبنی سرگرمی ہے، اس لیے حکومت، مقامی انتظامیہ اور کمیونٹی کو چاہیے کہ وہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کریں، انہیں تربیت اور کھیل کے لیے مناسب سہولیات فراہم کریں اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔

سینسی حیات نذیر نے امید ظاہر کی کہ اگر نوجوان کھلاڑیوں کو مطلوبہ سہولیات، تربیت اور سرپرستی فراہم کی جائے تو وہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے